یورپ پاکستانیوں پر مہربان، پاکستان ہائی رسک ممالک کی فہرست سے خارج

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان کی ایک اور بڑی کامیابی ،یورپی یونین نے پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی فہرست سے خارج کردیا، وزیر تجارت نوید قمر نے کہا کہ ہمیں یہ کامیابی بلاول بھٹوکی انتھک کوششوں سے ملی۔نوید قمر نے کہا کہ یورپی یونین نے پاکستان کو ہائی رسک تھرڈ کنٹریزکی فہرست سےنکال دیا، ان خامیوں کو دور کرلیا ہے جوعالمی مالیاتی نظام کے لئے خطرہ نہیں۔پاکستانیوں پر یورپ کے قانونی اور معاشی آپریٹر کی اضافی شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔بلند خدشات فہرست اینٹی منی لانڈرنگ کے خراب نظام کی نشاندہی کرتی ہے اور بلند خدشات فہرست دہشت گرد فنانسنگ روکنے کے خراب انتظام کی نشاندہی بھی کرتی ہے۔نوید قمر کا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین نے پاکستان کو 2018 سے ہائی رسک ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا، اس پابندی نے ہماری معیشت پر غیر ضروری بوجھ ڈالا تھا۔خیال رہے کہ 14 نومبر کو برطانیہ نے بھی پاکستان کو ہائی رسک تھرڈ ممالک کی فہرست سے نکال دیا تھا۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے ایکشن پلانز پر جلد عمل کے نتیجے میں برطانیہ نے یہ اقدام کیا ہے۔اس حوالے سے برطانوی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنانسنگ روکنےکی پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتا ہے۔