مانچسٹر (نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن)کے چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک نے عمران خان کی مبینہ گرفتاری کی خبروں اور جیل بھرو تحریک کے حوالے سے برطانیہ میں مقیم تحریک انصاف کے رہنماؤں کے دھمکی آمیز بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومتی جماعت اور مسلم لیگ (ن)کے رہنما، ورکر ز، سپورٹر ز اور لوگوں کی طرف کوئی بھی آنکھ اٹھا کر دیکھے گاتو بھرپور جواب دیا جائیگا ، عوام دھمکی آمیز ویڈیو پر کام نہ دھریں ،مسلم لیگ (ن)کے کارکن بیدار رہیں ۔ ہفتہ کواپنے ویڈیو بیان میں انہوںنے کہاکہ میری نظر سےایک ویڈیو گزری ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنمابرطانیہ میں نقس امن اور خلل ڈالنا چاہ رہے ہیں اور پاکستانی حکام کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ اگر وہ عمران خان کو گرفتار کرتے ہیں تو ان کا برطانیہ میں جیناحرام کر دیا جائےگا، میں اس ویڈیوکی نہ صرف مذمت کرتا ہوں بلکہ یہ باور کروانا چاہتا ہوں کہ برطانیہ ایک پر امن معاشرہ ہے اور تمام طرح کے لوگوں کو آزادی اظہار ، جلسہ ، جلوس اور سیاسی ومذہبی سرگرمیوں کی اجازت دیتا ہے ان آزادیوں کا بھرپور استعمال کر نا ہمارا آئینی ، قانونی اور اخلاقی فرض ہے ۔انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کے لوگوں کو عمران خان کی گرفتاری مہم میں حصہ لینا ہے تو ضرور پاکستان جائیں اور گرفتاری پیش کریں لیکن حکومتی جماعت اور مسلم لیگ (ن)کے رہنما، ورکر ، سپورٹر ز اور لوگوں کی طرف کوئی بھی آنکھ اٹھا کر دیکھے تو بھرپور جواب دیا جائیگا ۔















