رونالڈو سعودی گیتوں پر جھوم اٹھے، تلواروں کیساتھ رقص

جدہ (نیوزڈیسک)سعودی فٹبال کلب النصر نے یوم تاسیس پر سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سمیت کئی کھلاڑیوں کی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں انہیں یوم تاسیس پر جشن مناتے دکھایا گیا ۔النصر کے ٹوئٹر اکاونٹ کے مطابق پرتگالی سٹار اور پانچ بار دنیا کے بہتر کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے النصر کلب کے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ سعودی لباس میں جشن منایا۔کرسٹیانو رونالڈو نے تلواروں کے روایتی سعودی رقص ’العرضہ‘ میں حصہ لیا۔ وڈیو میں پرتگالی سٹار کو سعودی قہوہ پیتے ہوئے، عوامی گیتوں پر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔رونالڈو نے انسٹا گرام پر وڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’سعودی عرب کا یوم تاسیس مبارک‘۔ کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے یوم تاسیں کے جشن میں شرکت کا تجربہ شاندار رہا۔یاد رہے کہ مملکت میں 22 فروری کو یوم تاسیس منایا جا تاہے جو دراصل 300 سال پہلے قائم ہونے والی سعودی ریاست کی یاد دلانے والا دن ہے جس کے باقاعدہ قیام کا اعلان امام محمد بن سعود نے 1727میں کیا تھا۔