صومالیہ ، مسلح افراد کی ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ 10افراد جاں بحق

موغادیشو(اے بی این نیوز)صومالیہ کے دارالحکومت میں مسلح افراد نے ایک گھر پر دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 10افراد جاں بحق اور 3زخمی ہوگئے،عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک عمارت کے باہر کار بم دھماکا کیا گیا جس کے بعد مسلح افراد گھر میں داخل ہوگئے اور فائرنگ کردی،سیکیورٹی اہلکار بھی فورا پہنچ گئے اور جوابی کارروائی کی۔ کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا،الشباب تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس عمارت میں صومالی فوج کے وہ افسران رہائش پذیر تھے جنھوں نے ہمارے خلاف حال ہی میں کیے گئے ایک آپریشن میں حصہ لیا تھا،فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جوابی فائرنگ کے باعث حملہ آور فرار ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے آس پاس کی عمارتوں میں محصور شہریوں کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا ورنہ جانی نقصان زیادہ ہوتا۔