51 رکنی پاکستانی ریسکیو ٹیم انقرہ روانہ،مشکل وقت میں ترک اور شامی بھائیوں کیساتھ ہیں،عزم کا اظہار

لاہور (نیوز ڈیسک) ترکیہ اور شام میں خوفناک زلزلہ، حکومت پاکستان کی ہدایات پر پی آئی اے کا طیارہ 51 رکنی ریسکیو ٹیم کو لے کر انقرہ روانہ ہوگیا، مشکل کی اس گھڑی میں ہمارا ریسکیو ڈیپارٹمنٹ ترک اور شامی بھائیوں کیساتھ ہے۔تفصیلات کے مطابق ریسکیو ٹیم خصوصی آلات لے کر پی کے707 پر لاہور سے انقرہ کیلئے روانہ ہوئی ہے ، 51 رکنی ٹیم کے کمانڈر ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کر رہے ہیں ، ٹیم اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم انٹرنیشنل رسپانس کا حصہ ہے، پاکستان سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم یونائیٹڈ نیشن انسراگ سے سرٹیفائیڈ ہے، ریسکیو ٹیم سرچ، ٹیکنیکل ریسکیو، روپ ریسکیو، میڈیکل ٹیم، کمانڈ سپورٹ، کوارڈینیشن و کمیونیکیشن اور لاجسٹک ٹیم پر مشتمل ہے۔
ترجمان ریسکیو نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمارا ریسکیو ڈیپارٹمنٹ ترک اور شامی بھائیوں کیساتھ ہے، پی آئی اے انتظامیہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریلیف سامان کی ترسیل بھی بلامعاوضہ کردی ہے، پی آئی اے کی استنبول اور دمشق جانیوالی تمام پروازوں پر ریلیف سامان کی ترسیل مفت کی گئی ہے۔