چین ،4 سالہ لڑکے کا ننھی کلاس فیلو کو سونے کی اینٹ کا تحفہ

بیجنگ(نیوزڈیسک)چین میں 4 سالہ لڑکے نے اپنی ساتھی طالبہ کو 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سونے کی اینٹ تحفے میں دے کر سب کو حیران کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیران کن واقعہ چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں پیش آیا، جہاں ایک پرائمری کلاس کے ننھے طالب علم نے 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سونے کی اینٹ اپنی ساتھی طالبہ کو بطور تحفہ پیش کردی۔ مہنگے ترین تحفے سے متعلق واقعے کا علم تب ہوا جب ننھی طالبہ نے اپنے گھر والوں کو سونے کی اینٹ سے متعلق بتایا جس کے بعد ماں باپ نے طالبہ کو تحفہ واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 4 سالہ بچے کے والدین سے رابطہ کیا۔ طالبہ کے والدین نے لڑکے کے والدین کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا جس پر لڑکے کے والدین نے معافی مانگتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو سمجھایا تھا کہ وہ مستقبل میں یہ سونے کی اینٹ بطور تحفہ اپنی بیوی کو دے گا تاہم بچے نے بغیر علم میں لائے اپنی ساتھی طالبہ کو سونے کی اینٹ تحفے میں دے دی۔