حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )حکومت نے رمضان پیکج ختم ہونے کے بعد بھی یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں :وزارت داخلہ نے اڈیالہ جیل پر دہشت گردوں کے حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا
حکام کے مطابق وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے صارفین کو پانچ بنیادی اشیاء یعنی چینی، آٹا، گھی، دالیں اور چاول پر سبسڈی برقرار رہے گی۔ وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت تقریباً تین ارب روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر بی آئی ایس پی کے صارفین کے لیے چینی کی قیمت 109 روپے فی کلو ہوگی، جبکہ بی آئی ایس پی کے صارفین کے لیے 10 کلو آٹے کا تھیلا 648 روپے میں دستیاب ہوگا۔

بی آئی ایس پی کے صارفین کے لیے فی کلو گھی کی قیمت 393 روپے مقرر کی گئی ہے۔پیکج کے تحت بی آئی ایس پی کے صارفین کو فی کلو دالوں اور چاول پر 25 روپے سبسڈی ملے گی۔ یوٹیلیٹی سٹورز کا وزیراعظم پیکج جون 2024 تک جاری رکھنے کا ارادہ ہے، آئندہ مالی سال تک پیکج جاری رکھنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔