سکیورٹی اداروں کی کامیاب کارروائی، چینی انجینئرز پر حملے میں ملوث 10 دہشتگرد، سہولت کار گرفتار

پشاور(نیوزڈیسک) پاکستانی سکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی ، کامیاب آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے بشام حملے میں ملوث10 دہشتگردوں اور ان کے سہولت کار ساتھیوں کو گرفتار کر لیا۔ دہشتگردی واقعہ میں پانچ چینی انجینئرز ہلاک ہو گئے تھے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ انسداد دہشتگردی ٹیم نے ٹی ٹی پی سے وابستہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ خودکش حملہ آور کا تعلق افغانستان سے تھا اور حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی چمن کے راستے پاکستان میں داخل ہوئی اور پھر ڈی آئی خان اور چکدرہ تک گئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے رواں سال پہلے 2 ماہ میں 6.1 ملین موبائل فونز تیار کرلئے

خودکش حملہ آور کے موبائلوں سے برآمد ہونے والے ڈیٹا سے اہم دہشتگردوں اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔ اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی شانگلہ کے قریب ایک فیول اسٹیشن پر 10 دن تک کھڑی تھی جس کا پٹرول پمپ مالک 500 روپے یومیہ وصول کرتا تھا۔چمن سے چکدرہ تک گاڑی لے جانے میں ملوث شخص کو بھی بلوچستان سے پکڑلیا جبکہ حملے کے ماسٹر مائنڈ حضرت بلال جو کہ داسو میں چینی شہریوں پر گزشتہ حملے میں بھی ملوث تھا، کا پیچھا کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے، دہشتگردوں نے تعمیراتی کارکنوں اور انجینئرز کو داسو ڈیم لے جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا۔پچھلے دو ہفتوں میں، ملک نے پانچ بڑے حملے دیکھے، تین صوبہ کے پی میں اور دو صوبہ بلوچستان میں، جس کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہوئے۔