بھارت،دلہے کی جانب سے جہیز کا مطالبہ، دلہن نے بارات واپس بھیج دی

نئی دہلی(اے بی این نیوز)دلہے کی جانب سے جہیز کے مطالبے پر دلہن نے شادی سے انکار کرتے ہوئے بارات واپس بھیج دی،بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہما چل پردیش کی میونسپیلٹی ہمی پور سے تعلق رکھنے والی لڑکی کی شادی گیلور سے تعلق رکھنے والے لڑکے کے ساتھ طے تھی لیکن جب دلہا بارات کے ہمراہ شادی کے لیے پہنچا تو اس نے اپنے سسرالیوں سے کار، نقدی رقم اور دیگر چیزوں کا مطالبہ کیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق جب دلہن کو اس معاملے کے بارے میں معلوم ہوا تو اس نے فورا ہی شادی سے انکار کر دیا اور گھر آئی بارات کو واپس بھیج دیا،لڑکی کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ جب دلہا 19فروری کو شادی کی رسم کے لیے ہمارے گھر آیا تو اس وقت اس کی طرف سے کسی قسم کا مطالبہ نہ کیا گیا اور جب اگلے روز ہم رسم کے لیے لڑکے کے گھر گئے تو اس وقت بھی کسی قسم کے جہیز کا کوئی مطالبہ نہ کیا گیا لیکن شادی والے روز اچانک جہیز کا مطالبہ کیا گیا،پولیس کے مطابق دلہن کے بھائی نے دلہے کی فیملی کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے جس پر معاملے کی تفتیش جاری ہے۔