محبت کا اظہار ،بھارتی شہری نے آنجہانی بیوی کا مجسمہ بنواکراپنا وعدہ پورا کردیا

نئی دہلی (نیوزڈیسک)ایک بھارتی شہری نے اپنی آنجہانی اہلیہ سے محبت کے اظہار اور اس سے کیا گیا عہد نبھانے کے لیے ایک ایسا اقدام کیا جو اخبارات کی شہ سرخی بن گیا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ تپاس سندیلیا نامی 65 شخص نے اپنی بیوی کا ایک 30 کلوگرام وزنی سلیکون ماڈل تیار کروالیا اور اب وہ اس مجسمے کے ساتھ رہتا ہے جو کہ دیکھنے میں بالکل زندہ انسانوں جیسا لگتا ہے۔ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے تپاس سندیلیا ایک ریٹائرڈ گورنمنٹ افسر ہیں ان کی اہلیہ اندرانی 2021 میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران چل بسی تھیں، دونوں نے 39 برس اکٹھے ازدواجی زندگی گزاری۔ جب ان کی اہلیہ کو اسپتال لے جایا گیا تو آئیسولیشن کی وجہ سے وہ ساتھ نہیں رہ سکتے تھے اور اسی جدائی کی کیفیت میں اہلیہ کی موت واقع ہوگئی۔یو وہ بڑے دکھی ہوئے اور اپنی اہلیہ کی آخری خواہش کے مطابق ان ہی کے سائز کا مجسمہ بنوانے کے لیے آرٹسٹ کی تلاش شروع کی اور پھر چھ ماہ کی مدت میں تین ہزار امریکی ڈالر کے مساوی رقم سے یہ مجسمہ تیار ہوا۔مجسمے کی تیاری کے حوالے سے تپاس سندیلیا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ ایک عشرہ قبل مایا پور نامی علاقے میں واقع اسکون مندر گئے جہاں ایک سوامی جی کا مجسمہ دیکھ کر دونوں بہت متاثر ہوئے۔اس موقع پر اہلیہ نے مجھ سے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا کہ اگر وہ پہلے مرجائے تو اس کا ایسا ہی مجسمہ بنوایا جائے گو کہ خاندان نے میرے اس اقدام کو پسند نہیں کیا لیکن میری ضد پر راضی ہوگئے اور اب میں اس مجسمے کے ساتھ رہتا ہوں۔