اسلام آباد (نیوزڈیسک)تحریک انصاف کےنائب چیئرمین شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے قانون کو ہاتھ میں لینا اورنہ ہی املاک کو نقصان پہنچانا ہے مگر حقیقی آزادی کی اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے۔ہفتہ کوشاہ محمود قریشی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہمیں انتہائی پرامن انداز میں آگے بڑھنا ہے، پارٹی کے سینئر قائدین سے بھی مشاورت ہوئی ہے، آج پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے، اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں گے۔انہوں نے کہاکہ آج کے عدالتی فیصلے کو عوام نے انصاف کے تقاضوں کے برعکس جانا ہے،انہوں نے کہاکہ دستور کے آرٹیکل 10 اے کے تحت فیئر ٹرائل کا بنیادی حق نہیں دیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے چیئرمین تحریک انصاف کی آزادی کی جدوجہد جاری رکھنی ہے، قانونی جنگ بھی لڑیں گے ہے اور سیاسی جدوجہد بھی جاری رکھیں گے،انہوں نے کہاکہ عمران کان کی گرفتار ی پر کارکن اور عوام احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں، آئین اس کا پورا حق دیتا ہے، کارکن اور عوام کا میسّر آئینی حق سلب نہیں کیا جاسکتا۔















