لاہور (اے بی این نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ جنرل اجلاس میں عالمی کرکٹ کے مستقبل سے متعلق کئی اہم تجاویز پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں ون ڈے کرکٹ کے فارمیٹ میں تبدیلی کی تجویز پر بھی بات ہو سکتی ہے جس کے تحت میچز کو 50 اوورز کے بجائے 40 اوورز تک محدود کرنے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس کے ایجنڈے میں مختلف براعظموں کی ٹیموں کے درمیان کانٹی نینٹل چیمپئن شپ کے انعقاد کی تجویز بھی شامل ہونے کا امکان ہے جبکہ آئی سی سی ورلڈ کلب چیمپئن شپ کے آغاز پر بھی غور کیا جائے گا۔
مزید برآں، بین الاقوامی کرکٹ کے شیڈول کو بہتر بنانے کے لیے ہر فارمیٹ کے لیے علیحدہ ونڈو مختص کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (WTC) کو 12 ٹیموں تک پھیلانے اور پوائنٹس سسٹم میں ایک ٹیسٹ میچ کو شامل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس 8 سے 11 جولائی تک سکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں منعقد ہوگی جس میں رکن ممالک کے نمائندے ان تجاویز پر تفصیل سے غور کریں گے۔
مزید پڑھیں:وزیراعلیٰ پنجاب کا کاشتکاروں کیلئے بڑے پیکج کا اعلان















