اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا تھا، معیشت کی بربادی کی گہرائی کا اندازہ نہیں تھا، لیکن اب پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ دفن ہو چکا ہے، جس کے لئے اتحادیوں، آرمی چیف اور اسحاق ڈار نے ساتھ دیا۔ حکومت سنبھالی تومہنگائی کا طوفان چل رہا تھا، غریب آدمی کو مہنگائی سے بچانے کی بھرپور کوشش کی ہے، نجی ٹی وی سے بات چیت میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ 3 ماہ میں پیٹرول کی قیمت میں زیادہ تر کمی ہی ہوتی رہی ہے ، پیٹرول کی قیمت عالمی مارکیٹ کے مطابق طے ہوتی ہے، عالمی سطح پر آئل پرائسز میں اچانک اضافہ ہوا، اور مجبوراً ہمیں بھی اضافہ کرنا پڑا۔انہوں نے کہاکہ ہم آئی ایم ایف معاہدے کے پابند ہیںاس لئے بجٹ میں مختص سبسڈی کےعلاوہ کوئی اورسبسڈی نہیں دے سکتے،انہوںنے کہا کہ ہم نے سابقہ حکومت کی طرح آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی، بڑی مشکل سے آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو گیا ہے، اب پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہاکہ 200 یونٹ تک بجلی کے استعمال پر نرخ میں اضافہ نہیں کیا، غریب آدمی کو مہنگائی سے بچانے کی بھرپور کوشش کی ہے، ہم غریب کا معاشی تحفظ چاہتے ہیں، اور اس پر دباؤ کم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت کا مقصد وقت ضائع کرنا نہیں، نگراں حکومت میں ترقی کا سفرچلتا رہنا چاہئے،شہبازشریف نے کہاکہ حکومت اپنی مدت مکمل کرنے والی ہے، 12 اگست کو حکومت اپنی مدت مکمل کرلے گی، اور نگراں سیٹ اپ کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے، اس حوالے سے نوازشریف سے بھی مشاورت جاری ہے، نام فائنل ہونے پر اپوزیشن لیڈر سے بات ہوگی۔ان کا کہناتھا کہ عام انتخابات کاعمل 60 روز میں مکمل نہیں ہوتا تو معاملہ چیف الیکشن کمشنر کے پاس جائےگا، ہم 90 دن میں انتخابات کیلئے آئینی تقاضے پورے کر رہے ہیں۔















