اسلام آباد (اے بی این نیوز) گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔ پاک فضائیہ کے افسران، جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق کی قربانی ہماری اعلیٰ روایات کی عکاس ہے۔ شہید اہلکار نے ایک خاتون کی جان بچاتے ہوئے فرض شناسی، بہادری اور بے لوثی کی مثال قائم کی۔ پاک فضائیہ ملک کے ساتھ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لیے بھی پرعزم ہے۔ قوم گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
مزید پڑھیں :وفاقی کابینہ اجلاس، وزیراعظم نے اہم معاملے پر منظوری دے دی















