اہم خبریں

وفاقی کابینہ اجلاس، وزیراعظم نے اہم معاملے پر منظوری دے دی

وفاقی کابینہ اجلاس، وزیراعظم نے اہم معاملے پر منظوری دے دی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی اور پلان 2027 سے 2030 کی منظوری دے دی گئی، جس کے تحت پہلی مرتبہ چار سالہ جامع حج پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔ اجلاس میں حج انتظامات، ریلوے کی کارکردگی، صحت کے شعبے اور دیگر اہم امور پر بھی فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کو نئی حج پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے رواں سال بہترین حج انتظامات پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ بتایا گیا کہ نئی چار سالہ حج پالیسی کے ذریعے طویل المدتی منصوبہ بندی، آپریشنز میں بہتری اور عازمین حج کو زیادہ معیاری سہولیات فراہم کرنا ممکن ہوگا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی پالیسی کے نفاذ کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (SOPs) اور دیگر ضوابط مرتب کیے جائیں گے جبکہ سعودی عرب کے قوانین میں تبدیلی کی صورت میں پالیسی میں بھی ضروری ترامیم کی جا سکیں گی۔ اس پالیسی کے تحت حج کے خواہشمند افراد کو ہر سال نئی رجسٹریشن کرانے کے بجائے 2030 تک کسی بھی سال کے حج کے لیے ایک ہی بار رجسٹریشن کرانے کی سہولت حاصل ہوگی، جس کی بنیاد پر ترجیحی ویٹنگ لسٹ تیار کی جائے گی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ شرعی اصولوں کے مطابق ایک سیونگ اسکیم بھی متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ شہری مستقبل میں حج کے اخراجات کے لیے مرحلہ وار بچت کر سکیں۔ اس کے علاوہ حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں ادائیگیوں، شکایات کے اندراج، مانیٹرنگ اور نگرانی کا جدید نظام شامل ہوگا۔

پالیسی کے مطابق سرکاری اور نجی حج اسکیموں کا کوٹہ بھی مقرر کیا گیا ہے، جبکہ لانگ اور شارٹ حج پروگرام متعارف کرانے، عازمین کی لازمی تربیت، تکافل اور ہنگامی رسپانس سسٹم کو بھی پالیسی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے ہدایت کی کہ معاونین حج کی تقرری مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائے اور سرکاری و نجی حج انتظامات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی یقینی بنائی جائے۔

وفاقی کابینہ نے شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اسلام آباد کے آئیسولیشن ہسپتال اینڈ انفیکشن ٹریٹمنٹ سینٹر (IHITC)اور ریجنل بلڈ سینٹر (RBC) کی خدمات آؤٹ سورس کرنے کی پالیسی کی بھی منظوری دے دی۔ وزارت قومی صحت کو ہدایت کی گئی کہ آؤٹ سورسنگ کا عمل تمام قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2025-26 میں ریلوے کی آمدن 115 ارب روپےسے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 24.19 فیصدزیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فریٹ، پراپرٹی، لینڈ اور مسافر آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ فریٹ کارگو آپریشنز کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ کابینہ نے وزیر ریلوے اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

وفاقی کابینہ نے اجلاس کے اختتام پر کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی (CCLC) کے 19 مئی 2026 اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کے 2 جولائی 2026 کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔
مزید پڑھیں‌:خیبرپختونخوا اسمبلی،صحافیوں کے معاملے پر اہم قانون منظور

متعلقہ خبریں