اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر، خیبرپختونخوا، بالائی و جنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پیش گوئی کے مطابق متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت موسم گرم رہے گا، تاہم دوپہر کے بعد مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہونے کے ساتھ تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی، بنوں، ہنگو، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور قصور میں بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل شام اور رات کے دوران ساہیوال، نورپور تھل، بھکر، لیہ، میانوالی، پاکپتن، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے چند مقامات پر تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔
آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور مشرقی بلوچستان میں بھی مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس برقرار رہے گا، تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے ساتھ عمرکوٹ، اسلام کوٹ، تھرپارکر، قمبر شہدادکوٹ، دادو اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور متعلقہ اداروں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے باعث عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:بڑی خبر، بلوچستان سے افسوسناک خبر سامنے آگئی















