لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب کے وزیر اعلیٰ کلائمیٹ لیڈر شپ انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا جس کے تحت منتخب امیدواروں کو تین ماہ کے لیے 60 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
پنجاب کے محکمہ تحفظ ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے مطابق پروگرام کے لیے آن لائن درخواستیں وصول کرنا شروع ہو گئی ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے کی حکمت عملیوں اور ماحولیاتی پالیسی سازی میں عملی تجربہ فراہم کر کے “موسمیاتی جنگجو” کے طور پر تیار کرنا ہے۔
محکمہ نے کہا کہ صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے پروگرام میں 50 فیصد نشستیں طالبات کے لیے مختص کی گئی ہیں، تاکہ ماحولیاتی شعبے میں خواتین کی موثر نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انٹرن شپ کے دوران شرکاء کو فیلڈ لرننگ، محکمہ ماحولیات کے مختلف منصوبوں میں عملی شرکت، انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (EPA) کے دفاتر کے مطالعاتی دورے، کیپ اسٹون پروجیکٹس اور ماہرین کی نگرانی میں عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
اہلیت کے معیار کے مطابق امیدوار کی عمر 20 سے 27 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ درخواست دہندہ کے پاس 75% نمبروں کے ساتھ کم از کم بیچلر ڈگری یا 4.0 میں سے 3.0 کا کم از کم CGPA ہونا ضروری ہے۔ یہ پروگرام مختلف تعلیمی مضامین سے فارغ التحصیل افراد کے لیے کھلا ہے۔
محکمہ ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی، پنجاب کے مطابق، دلچسپی رکھنے والے امیدوار اپنی آن لائن درخواست EPA پنجاب کے آفیشل پورٹل کے ذریعے 18 جولائی 2026 تک جمع کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:سونا چاندی کی قیمتوں میں کمی، آج کی تازہ اپڈیٹ















