اسلام آباد( اے بی این نیوز )ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختیار احمد کی سربراہی میں ایچ ای سی کے وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔جمعرات کے روز ہونے والی ملاقات میں کلام بی بی وومن انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ بنوں کے قیام سمیت بنوں اور خیبر پختونخوا کے دیگر جنوبی اضلاع میں تعلیمی سہولیات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نےکہا کہ بنوں اور دیگر جنوبی اضلاع کے نوجوانوں کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔انہوں نے کہا کہ اکرم خان درانی کالج بنوں سے فارغ التحصیل طلباء کی ایک بڑی تعداد ہر سال میرٹ کی بنیاد پر میڈیکل کالجز اور انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں داخلہ لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلام بی بی وومن انٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ بنوں کے قیام سے نہ صرف بنوں بلکہ خیبر پختونخوا کے دیگر جنوبی اضلاع کی خواتین طلبا کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے جنوبی اضلاع میں یونیورسٹی نہ ہونے کی وجہ سے طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے پشاور تک سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنوں جنوبی اضلاع کا مرکزی مقام ہے اور بنوں میں کلام بی بی وومن انٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ بنوں کے قیام سے نہ صرف بنوں بلکہ کے پی کے کے دیگر جنوبی اضلاع کی طالبات بھی مستفید ہوں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس انسٹیٹیوٹ کو تعمیر کرنے کیلئے جگہ پہلے سے موجود ہے۔















