اہم خبریں

پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر انرجی کوریڈور کا حصہ بنائیں گے،وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک

اسلام آباد( اے بی این نیوزؤ          )وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر انرجی کوریڈور کا حصہ بنائیں گے، مستقبل میں انرجی درآمد نہیں برآمد کریں گے، ایل این جی کے گردشی قرضہ کے خاتمہ کیلئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں، تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ پر پیشرفت ہو رہی ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ امیر اور غریب کیلئے گیس کا الگ الگ ٹیرف بنا دیا ہے۔ جمعرات کو یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ تاپی منصوبہ 10، 12 سال سے سرد خانے میں پڑا ہوا ہے، اس منصوبہ کے حوالہ سے بات چیت جاری ہے،تاپی منصوبہ کے حوالہ سے عالمی پابندیوں کا بھی سامنا ہےلیکن اس منصوبہ پر پیشرفت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تیل و گیس کی تلاش کیلئے عالمی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے۔ زرعی اور صنعتی ترقی کیلئے توانائی کی ضرورت ہے، ایل این جی کا گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، اس سلسلہ میں پلان بنایا جا رہا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ امیر اور غریب کا گیس ٹیرف الگ کر دیا گیا ہے۔ توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ کیلئے ملکی کمپنیوں کو اجازت دی گئی ہے کہ ہر کمپنی ایک ذیلی کمپنی بنائے جو قابل تجدید توانائی کے فروغ کیلئے کام کرے اور خود ہی اس کی بولیوں کی بھی ذمہ دار ہو گی ۔ اس سے ہزاروں میگاواٹ قابل تجدید توانائی سسٹم میں شامل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کھاد کے شعبہ کو سستی گیس فراہم کر رہے ہیں، سعودی عرب، قطر اور بحرین جیسے ممالک 2، 3 اور چار ڈالر پر اپنے کھاد کے شعبوں کو گیس دے رہے ہیں لیکن ہم انہیں 70 سینٹ پر گیس دیتے ہیں، اس فرق کو بھی دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ سے بھی بات چیت کر رہے ہیں۔ گرین امونیا اور گرین ہائیڈروجن امریکہ سے لینا چاہتےہیں، ترکمانستان، آذربائیجان اور جہاں جہاں سے بھی ہمیں سستی توانائی اور ٹیکنالوجی ملے گی، حاصل کریں گے، 13 سے 14ارب ڈالر کی لاگت سے ریفائنری ملک میں لگائی جائے گی اور حکومت کی مدت پوری ہونے سے پہلے معاہدہ کرکے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اور دیگر شعبوں کی ترقی اور توانائی کی فراہمی کیلئے سولر ٹیوب ویل لگا دیں تو اس سے معاشی انقلاب آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ہم بین الاقوامی انرجی کوریڈور کا حصہ بنائیں گے جس سے پاکستان ایل این جی سمیت توانائی کے درآمد کنندہ سے برآمد کنندہ ملک بن جائے گا۔

متعلقہ خبریں