ماسکو(نیوزڈیسک) معروف روسی فوجی بلاگر ولادلن تاتارسکی سینٹ پیٹرز برگ میں واقع کیفے میں دھماکے میںہلاک ہوگیا۔عالمی خبر رساں نیوز ایجنسی نے بتایا کہ کیفے میں بم ایک چھوٹے سے مجسمے میں چھپایا گیا تھا، جب وہ مجسمہ بطور تحفہ بلاگر تاتارسکی کو دیا گیا تو دھماکا ہوگیا۔تاتارسکی جس کا اصلی نام میکسم فومین تھا، وہ اپنے بلاگ میں یوکرائن میں روس کی جنگی حکمت عملی کی حمایت کرتے تھے۔روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاتارسکی کے سوشل میڈیا پر 5 لاکھ 60 ہزار سے زائد فالوورز ہیں۔روسی میڈیا کے مطابق دھماکے میں کم از کم 25 افراد زخمی بھی ہوگئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔روسی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تفتیش شروع کردی ہے تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس کے پیچھے کون ہے۔روس کی وزارت خارجہ نے حملے میں کسی کے ملوث ہونے کا الزام نہیں لگایا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد مغربی دارالحکومتوں میں خاموشی ان کی منافقت کو بے نقاب کرتی ہے۔















