اہم خبریں

سعودی عرب نے یمن کے مرکزی بینک میں ایک ارب ڈالر جمع کروا دئیے

ریاض(نیوزڈیسک)سعودی عرب نے یمن کے معاشی اصلاحات پروگرام میں معاونت کیلئے مرکزی بینک میں ایک ارب ڈالر جمع کروا دیے ہیں۔سعودیہ کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق معاشی پروگرام کا مقصد ایک واضح راستہ اور وژن تیار کرنا ہے جس سے یمنی عوام کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔سعودی عرب نے بیان میں مزید کہا کہ یمن کے مرکزی بینک میں خزانے کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ معاشی استحکام کو فروغ دے سکے۔یمن کی صدارتی رہنمائی کونسل کے سربراہ راشد العلیمی نے کہا کہ سعودی ڈپازٹ سے یمن کی معیشت کو ایک اچھی رفتار ملے گی، قومی کرنسی مستحکم ہوگی اور حوثی باغیوں کی طرف سے پیدا کردہ انسانی المیے کو کم کیا جاسکے گا۔سینٹرل بینک کے ڈپٹی گورنر منصور راغے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے بینک میں ڈپازٹ سے قبل اصلاحات کیلئے کہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ یہ اصلاحات گورننس سے متعلقہ مسائل، شفافیت اور بینکوں کی نگرانی بڑھانے کے حوالے سے تھیں۔یاد رہے کہ نومبر 2022 میں عرب مانیٹری فنڈ نے یمن کے معاشی اصلاحات پروگرام میں معاونت کیلئے ایک ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

متعلقہ خبریں