اسلام آباد (اے بی این نیوز) اقتصادی سروے رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں انکشاف ہوا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان سے لاکھوں افراد روزگار کے لیے بیرون ملک گئے۔ رپورٹ کے مطابق 7 لاکھ 27 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے روزگار کے مواقع کی تلاش میں دیگر ممالک کا رخ کیا، جن میں سب سے زیادہ افراد نے سعودی عرب کا انتخاب کیا، جہاں 62 فیصد یعنی 4 لاکھ 52 ہزار پاکستانی مزدور یا ملازمین گئے۔
اومان میں 11 فیصد اور متحدہ عرب امارات میں 9 فیصد پاکستانیوں نے روزگار کے لیے ہجرت کی۔ سب سے زیادہ بیرون ملک جانے والے افراد کا تعلق پنجاب سے رہا، جہاں سے ایک سال میں 4 لاکھ 4 ہزار 345 افراد بیرون ملک گئے۔ خیبر پختونخوا سے 1 لاکھ 87 ہزار، سندھ سے 60 ہزار 424، قبائلی علاقوں سے 29 ہزار 937، آزاد کشمیر سے 29 ہزار 591، اسلام آباد سے 8 ہزار 621، بلوچستان سے 5 ہزار 668 اور شمالی علاقہ جات سے 1692 افراد روزگار کے لیے باہر گئے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال ترسیلات زر 31.2 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو ملک کی معیشت کے لیے ایک مثبت پہلو قرار دیا جا رہا ہے۔ بیرون ملک جانے والے لاکھوں پاکستانی نہ صرف اپنا روزگار بہتر بنا رہے ہیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔