فیصل آباد(نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دھاندلی پاکستان کا مسئلہ نہیں، ہمارے پاس اس معاملے پر بات کرنے کا وقت نہیں ہے۔
طلال چوہدری نے فیصل آباد کے علاقے مقبول ٹاؤن میں ہلاک سینٹری ورکرز کے ورثا سے تعزیت کی اور آصف اور شان مسیح کے اہلخانہ کو 10، 10 لاکھ روپے کے چیک دیے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ن لیگی رہنما نے کہا کہ افسوسناک واقعہ مسیحی ملازمین کے ساتھ پیش آیا اور 2 جانیں گئیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کے نوٹس پر متاثرہ خاندان کو امدادی چیک دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرنے والے مستقل ملازم کی بیوہ کو مستقل تنخواہ اور ایک نوکری دی جائے گی۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ملک میں حکومت بن چکی مگر پی ٹی آئی کا شور دھاندلی پر ہے، ہمارے پاس دھاندلی پر بات کرنے کا وقت نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان پر بیرونی دشمن اور اندر ٹی ٹی پی حملہ آور ہے، ٹی ٹی پی کا جو بیانیہ ہے وہی بیانیہ پی ٹی آئی کا ہے۔ پی ٹی آئی نے بھی آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ٹی ٹی پی کی طرح کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا شور کرنے والے جو مرضی کریں ہم صرف غریب کا چولہا جلانے پر توجہ دیں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ دھاندلی پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے، جہاں حلقے کھلتے ہیں پی ٹی آئی اسٹے لے لیتی ہے، یہ صرف شور اس لیے کرتے ہیں تاکہ ڈیل ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی اور دہشت گردوں کو ایک ہی طرح ڈیل کیا جائے گا، پنجاب اور وفاقی حکومت ملکی مسائل کے حل کے لیے ایک ساتھ چل رہی ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل نہ ملے تو روٹی نایاب ہو جائے گی، سری لنکا جیسے حالات ہوجائیں گے، ملک میں اپنی مرضی سے آنا جانا ہر شہری کا حق ہے۔















