اہم خبریں

راحت فتح علی خان جائیداد کیس

لاہور ہائیکورٹ نے راحت فتح علی خان کی جائیداد کیس میں اپیل بحال کردی

لاہور: معروف گلوکار اور قوال راحت فتح علی خان کو جائیداد تنازع کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا۔ عدالت نے راحت فتح علی خان جائیداد کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے اپیل خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اپیل بحال کردی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق راحت فتح علی خان نے فیصل آباد میں واقع ایک کنال 9 مرلے کے دو منزلہ گھر پر اپنے قبضے کی تصدیق کیلئے سول عدالت سے رجوع کیا تھا۔ تاہم سول عدالت نے 14 مئی 2019 کو ان کے خلاف فیصلہ سنایا تھا، جس کے بعد انہوں نے متعلقہ عدالت میں اپیل دائر کی۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے 15 ہزار روپے کورٹ فیس مقررہ وقت میں جمع نہ کروانے پر اپیل خارج کردی تھی۔ بعد ازاں گلوکار نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جہاں جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں قرار دیا کہ صرف کورٹ فیس جمع نہ کروانے کی بنیاد پر اپیل مسترد کرنا انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔ عدالت نے کہا کہ اپیل کا حق ایک اہم قانونی حق ہے جسے صرف تکنیکی وجوہات کی بنیاد پر ختم نہیں کیا جاسکتا۔

لاہور ہائیکورٹ نے راحت فتح علی خان کو ایک لاکھ روپے جرمانہ جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے اپیل بحال کردی۔ عدالت نے تمام فریقین کو 2 جون کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت بھی جاری کی ہے جبکہ ٹرائل کورٹ کو دو ماہ کے اندر میرٹ پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں