اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کردیا۔ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول قیمت میں کمی کے تحت دونوں مصنوعات کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر تک کمی کی گئی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے جبکہ اس سے قبل پیٹرول 403 روپے 78 پیسے فی لیٹر فروخت ہورہا تھا۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 402 روپے 78 پیسے سے کم ہوکر 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عید کے موقع پر یہ فیصلہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ حکومت گزشتہ ہفتے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرچکی ہے۔ حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے بھی سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔
حکومتی بیان کے مطابق عالمی سطح پر تیل بحران کے دوران بھی وزیراعظم نے فی لیٹر 130 روپے سے زائد سبسڈی کی منظوری دی تھی تاکہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر نہ پڑے۔















