اہم خبریں

ایس سی او سربراہی اجلاس، وزیراعظم کا اسلام آباد میں ہوٹلوں کی تعمیر و اپ گریڈیشن کے لیے خصوصی فنانسنگ پروگرام کا فیصلہ

اسلام آباد(رضوان عباسی ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس 2027 کے پیش نظر اسلام آباد میں ہوٹلوں کی تعمیر، جاری منصوبوں کی تکمیل اور موجودہ ہوٹلوں کی اپ گریڈیشن کے لیے رعایتی فنانسنگ پروگرام تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس مقصد کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

کمیٹی اسلام آباد میں نئے ہوٹل منصوبوں کے لیے رعایتی مالی معاونت کی تجاویز کا جائزہ لے گی، جبکہ زیر تکمیل ہوٹل منصوبوں کی بروقت تکمیل اور موجودہ ہوٹلوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے امکانات بھی زیر غور آئیں گے۔

کمیٹی میں وفاقی وزرائے خزانہ، داخلہ، قانون اور اقتصادی امور کے علاوہ سیکرٹری خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی اسلام آباد میں مہمان نوازی کے شعبے کی استعداد بڑھانے، رہائشی سہولتوں کو بہتر بنانے اور سروس کے معیار کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سفارشات مرتب کرے گی، تاکہ ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مہمانوں کو عالمی معیار کی رہائش اور دیگر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

واضح رہے کہ ایس سی او سربراہی اجلاس اگست 2027 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات اور رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی، جبکہ وزارت خزانہ کمیٹی کو سیکرٹریل معاونت فراہم کرے گی۔
مزید پڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج کا دن کیسا رہے گا؟

متعلقہ خبریں