اہم خبریں

بینظیر انکم اسپورٹ سے رقم وصول کرنا آسان ،نیا نظام متعارف

اسلام آباد (اے بی این نیوز)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے ایک کروڑ سے زائد مستحق خواتین کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کا نیا نظام متعارف کرا دیا، جس کے تحت خواتین اب کسی ایک مخصوص بینک یا ایجنٹ کی پابندی کے بغیر مختلف شریک بینکوں کے مجاز خوردہ فروشوں سے اپنی مالی امداد وصول کر سکیں گی۔

نئے نظام کا مقصد مستحق خواتین کو ادائیگیوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنا، طویل قطاروں اور انتظار سے نجات دلانا اور غیر قانونی کٹوتیوں کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔ بی آئی ایس پی کے مطابق ایک کروڑ سے زائد مستفید خواتین کے ڈیجیٹل والیٹس بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔

نئے ادائیگی نظام کے تحت فی الحال چھ بینکنگ پارٹنرز شامل ہیں، جن میں حبیب بینک لمیٹڈ (HBL)، ایچ بی ایل مائیکرو فنانس بینک، ایزی پیسہ، جاز کیش، بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب شامل ہیں۔اس نظام کے تحت خواتین اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی شریک بینک کے مجاز خوردہ فروش سے رقم نکلوا سکیں گی۔ اگر کسی ایک ایجنٹ کے پاس رش ہو یا وہ ادائیگی کرنے سے انکار کرے تو مستحق خاتون دوسرے مجاز خوردہ فروش سے بھی اپنی رقم حاصل کر سکتی ہے۔

بی آئی ایس پی کی رقم کیسے وصول کریں؟نئے طریقہ کار کے مطابق مستحق خواتین کو سب سے پہلے متعلقہ بینک کی جانب سے ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں ڈیجیٹل والیٹ میں رقم منتقل ہونے کی تصدیق کی جائے گی۔

ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد خواتین کسی بھی شریک بینک کے مجاز خوردہ فروش کے پاس جائیں اور اپنا اصل قومی شناختی کارڈ (CNIC) اور رجسٹرڈ موبائل فون ساتھ لے کر جائیں۔خوردہ فروش بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرنے کے بعد رقم ادا کرے گا۔ خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ رقم وصول کرتے وقت اسے اچھی طرح گن لیں اور دکان چھوڑنے سے پہلے مکمل ادائیگی کی تصدیق کر لیں۔رقم نکلوانے کے بعد متعلقہ بینک کی جانب سے لین دین کی تصدیق کا دوسرا ایس ایم ایس بھی موصول ہوگا، جسے ادائیگی کا ریکارڈ رکھنے کے لیے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔

خواتین کے لیے اہم ہدایاتبی آئی ایس پی نے مستحق خواتین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے موبائل فون اور رجسٹرڈ سم کارڈ کسی نامعلوم شخص کے حوالے نہ کریں، کیونکہ ان کا ڈیجیٹل والیٹ موبائل نمبر اور سم کارڈ سے منسلک ہوتا ہے۔نئے نظام کے ذریعے ادائیگیوں میں شفافیت بڑھانے، مستحق خواتین کو اپنی رقم کے حصول میں زیادہ اختیار دینے اور مالیاتی خدمات تک رسائی آسان بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ایس سی او سربراہی اجلاس، وزیراعظم کا اسلام آباد میں ہوٹلوں کی تعمیر و اپ گریڈیشن کے لیے خصوصی فنانسنگ پروگرام کا فیصلہ

متعلقہ خبریں