بیجنگ: چین میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں گوشت اور لمبی عمر کے درمیان دلچسپ تعلق سامنے آیا ہے جس نے ماہرین کو بھی حیران کردیا۔ تحقیق کے مطابق 80 سال یا اس سے زائد عمر کی وہ خواتین جو مناسب مقدار میں گوشت استعمال کرتی ہیں، ان کے 100 سال تک زندہ رہنے کے امکانات نسبتاً زیادہ پائے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تحقیق چین کے تین بڑے اداروں نے مشترکہ طور پر مکمل کی، جن میں فوڈان یونیورسٹی، چائنیز سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن اور شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی شامل ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ گوشت اور لمبی عمر کا تعلق خاص طور پر ان خواتین میں زیادہ نمایاں دیکھا گیا جن کا وزن معمول سے کم تھا۔ نتائج کے مطابق کم وزن رکھنے والی گوشت خور خواتین میں 100 برس کی عمر تک پہنچنے کے امکانات 44 فیصد زیادہ ریکارڈ کیے گئے۔
ماہرین کے مطابق نارمل یا زیادہ وزن والی خواتین میں گوشت کھانے یا نہ کھانے سے کوئی خاص فرق سامنے نہیں آیا۔ اس کے علاوہ وہ خواتین جو مکمل سبزی خور تھیں لیکن مچھلی، انڈے اور دودھ جیسی پروٹین سے بھرپور غذائیں استعمال کرتی تھیں، ان کی صحت اور متوقع عمر بھی گوشت کھانے والی خواتین کے قریب دیکھی گئی۔
تحقیق میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بڑھتی عمر کے ساتھ جسمانی کمزوری، وزن میں کمی اور پٹھوں کی طاقت متاثر ہوتی ہے، اس لیے بزرگ افراد کیلئے پروٹین سے بھرپور متوازن غذا بے حد ضروری ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ لمبی اور صحت مند زندگی کا راز صرف گوشت یا سبزیوں میں نہیں بلکہ متوازن خوراک میں پوشیدہ ہے۔ مناسب مقدار میں پروٹین، سبزیاں اور دیگر غذائیت سے بھرپور اشیا انسانی جسم کو مضبوط رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔















