اہم خبریں

پاکستان میں ذہنی امراض کا تشویشناک اضافہ، مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان میں ذہنی امراض میں مبتلا افراد کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرگئی، جبکہ ملک بھر میں رجسٹرڈ ماہرین نفسیات کی تعداد صرف 1050 ہے۔ وزارت صحت کے اعدادوشمار نے ملک میں ذہنی صحت کی سہولیات کی کمی کی سنگین صورتحال واضح کردی۔

وزارت صحت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے گلوبل برڈن آف ڈیزیز اسٹڈیز کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں ذہنی امراض سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 20 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2023 تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ذہنی امراض کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچ چکی تھی۔ ملک بھر میں ہر 2 لاکھ 45 ہزار 400 افراد کے لیے صرف ایک ماہر نفسیات دستیاب ہے۔

وزارت صحت کے مطابق پنجاب میں 406، سندھ میں 228، خیبرپختونخوا میں 122 جبکہ بلوچستان میں 44 ماہرین نفسیات رجسٹرڈ ہیں۔

دوسری جانب وزارت صحت نے قومی اسمبلی کو ملک میں ایڈز کے مریضوں سے متعلق اعدادوشمار سے بھی آگاہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایڈز سے متاثرہ رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 3900 ہے، جن میں سب سے زیادہ 1915 مریض سندھ میں موجود ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں ایڈز کے 1765، خیبرپختونخوا میں 139، بلوچستان میں 46، اسلام آباد میں 30، آزاد کشمیر میں 4 جبکہ گلگت بلتستان میں ایک مریض رجسٹرڈ ہے۔
مزیدپڑھیں: حکومت کا بڑا تعلیمی فیصلہ، 2027 سے اسکولوں میں نیا قومی نصاب نافذ کرنے کی منظوری

متعلقہ خبریں