اسلام آباد (اے بی این نیوز) حکومت نے ملک بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے نئے قومی نصاب کی منظوری دے دی ہے، جس کا نفاذ تعلیمی سال 2027-28 سے شروع ہوگا۔
وفاقی وزارتِ تعلیم نے ’نیشنل کریکولم آف پاکستان 2026‘ کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ نئے نصاب کا اطلاق ابتدائی بچپن کی تعلیم (ECE) سے پانچویں جماعت تک ہوگا، جبکہ اسلام آباد سمیت ملک بھر کے وفاقی تعلیمی اداروں میں اسے رائج کیا جائے گا۔
نئے نصاب کے تحت اردو، انگریزی اور ریاضی بنیادی مضامین برقرار رہیں گے، جبکہ ابتدائی جماعتوں میں صحت اور جسمانی تعلیم (Health and Physical Education) اور آرٹس کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پہلی سے پانچویں جماعت تک انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) بھی پڑھائی جائے گی۔
نصاب میں پہلی سے تیسری جماعت تک طلباء کے لیے ’ورلڈ اراؤنڈ‘ (World Around) کے نام سے نیا مضمون متعارف کرایا جائے گا، جبکہ چوتھی اور پانچویں جماعت میں سوشل اسٹڈیز اور سائنس الگ الگ مضامین کے طور پر پڑھائے جائیں گے۔
وفاقی وزارتِ تعلیم کی جانب سے پنجاب سمیت تمام صوبوں کو نئے نصاب کے نفاذ سے متعلق باضابطہ مراسلے بھی ارسال کیے گئے ہیں۔ نصاب کی تفصیلات پاکستان نیشنل کریکولم کونسل کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوں گی۔
حکام کے مطابق نئے نصاب کا مقصد ابتدائی تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور طلباء کو ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں بہتر تعلیم فراہم کرنا ہے۔
نوٹ: سرکاری ویب سائٹ پر 27 اکتوبر 2026 کو نئے نصاب کا نوٹیفکیشن درج ہے۔
سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا رہیں گے ،پی ٹی آئی کا اعلان















