فیفا اور اے ایف سی وفد کی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے عہدیداروں سے ملاقاتیں

لاہور(نیوزڈیسک)فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے تین رکنی وفد نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے عہدیداروں سے میٹنگز شروع کردیں۔ چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے وفد کو پاکستان فٹ بال کی صورتحال اور انتخابی عمل سے متعلق آگاہ کیا۔فیفا اور اے ایف سی کے وفد نے پاکستان فٹبال ہاؤس کے دورے کے موقع پر کنیکٹ آئی ڈی کے تحت کلبز کی رجسٹریشن کے لیے موبائل یونٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں پی ایف ایف کے آفیشل ترانہ کا میوزک بھی لانچ کیا گیا۔وفد میں ہیڈ آف ایم اے گورننس فیفا رولف ٹینر، ریجنل ڈیویلپمنٹ آفس کے کوآرڈینیٹر آندرے ویشکووچ، اے ایف سی کے ہیڈ آف ساوتھ ایشیا یونٹ پرشوتم کیٹل شامل ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی اسپورٹس پنجاب نے فیفا اور اے ایف سی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ فٹبال میں پیچھے ہیں لیکن نارملائزیشن کمیٹی کا بھرپور فوکس کھیل پر ہے، کلب سسٹم کو منظم کیے گئے بغیر کھیل کو فروغ دینا ممکن نہیں ہے۔چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے کہا کہ وفد کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جو حوصلہ افزا ہیں، وفد پاکستان فٹبال سے متعلق رپورٹ ترتیب دے گا جس کی روشنی میں مستقبل کا لائحہ عمل طے ہوگا۔