خواتین کو تمام شعبوں میں نمائندگی دے کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کے راستہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(اے بی این نیوز     )سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہماری خواتین کی صلاحیتیں دنیا میں کسی سے کم نہیں ہیں ، خواتین کو تمام شعبوں میں نمائندگی دے کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کے راستہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ۔ بدھ کو خواتین کے منشور کے موضوع پر دو روزہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں آج ویمن کاکس کی تقریب میں موجود ہوں ، خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین کی صلاحیتیں دنیا کی کسی عورت سے کم نہیں ہیں ، میں نے خواتین اسمبلی ممبران کو بہت ذمہ داری کے ساتھ کام کرتے دیکھا ہے، مرد خواتین کو معاشرے میں آگے نکلنے میں رہنمائی کریں، اسمبلی میں صنفی امتیاز کے بغیر تمام ارکان برابر ہوتے ہیں، صرف اور صرف معزز رکن قومی اسمبلی ہوتے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ جب آپ پارلیمان میں ہیں تو وہاں آپ کو کام کرنا پڑتا ہے، خواتین فوری طور پر براہ راست انتخابات میں نہ آ سکیں تو گھبرانا نہیں، اپنی متعلقہ سیاسی جماعت کے ساتھ اپنی وابستگی جاری رکھیں ، جب سیاسی جماعتیں خواتین کی نمائندگی پر اچھا سوچتی ہیں تو پھر باقی پارٹیاں بھی سوچیں گی ، بلوچستان ہم سب کا ہے اور ہم سب ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو تمام شعبوں میں نمائندگی دے کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، کانفرنس میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مثبت تجاویز پیش کی گئی ہیں، ان پر عملدرآمد سے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔