زرعی شعبے کی ترقی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،عطا تارڑ

ملتان( اے بی این نیوز    )وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑنے کہاہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کاوژن نوجوان نسل کومضبوط بناناہے ،وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے یوتھ لیپ ٹاپ سکیم اوریوتھ بزنس اینڈایگری لون سکیم نوجوان نسل کو اپنے پائوں پرکھڑاکرنے کے وژن کامنہ بولتاثبوت ہے ،وزیراعظم ڈیجیٹل پاکستان کے خوا ب کوشرمندہ تعبیرکرناچاہتے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعرات کویہاں بہاءالدین زکریایونیورسٹی میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپس کی تقسیم اوروزیراعظم یوتھ بزنس اینڈایگری لون سکیم کے تحت قرضوں کے چیک تقسیم کرنے سے متعلق منعقدہ تقریب میں کیا۔عطا تارڑنے کہاکہ میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ اورقرضہ جات دیئے جارہے ہیں ،میرٹ وہ اثاثہ ہے جس سے قومیں بنتی ہیں جوقومیں میرٹ سے ہٹ کر کرپشن ،سفارش اوراقرباپروری پرچلتی ہیں وہ کبھی ترقی نہیں کرتی ،ہمیں ملک سے کرپشن ،سفارش اوراقرباپروری کے کلچرکوختم کرکے آگے بڑھناہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے ، زراعت پاکستان کی تقدیربدل سکتی ہے ،پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ،وزیراعظم شہباز شریف زراعت سمیت دیگرشعبوں کی ترقی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھارہے ہیں ،انشاءاللہ پاکستان اپنے پائوں پرکھڑاہوگااورغربت کاخاتمہ ہوگا ۔عطاتارڑنے کہاکہ وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت غربت اوربے روزگاری کے خاتمے کے لئے ہرممکن کوشش کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں 68فیصدآبادی نوجوانوں کی ہے ،وزیراعظم شہباز شریف کاوژن نوجوان نسل کومضبوط بناناہے ،وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے یوتھ لیپ ٹاپ سکیم اوروزیراعظم یوتھ بزنس اینڈایگری لون سکیم نوجوان نسل کو اپنے پائوں پرکھڑاکرنے کے ویژن کامنہ بولتاثبوت ہے ،وزیراعظم ڈیجیٹل پاکستان کے خوا ب کوشرمندہ تعبیرکرناچاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ ماہ میں یوتھ بزنس اینڈایگری لون کے ذریعے 30ارب روپے کے بلاسود قرض دیئے گئے ہیں ،رواں مالی سال کے دوران 80ارب روپے کے مزید قرضے بھی دیئے جائیں گے۔