اسلام آباد( اے بی این نیوز )وزیراعظم محمد شہبازشریف نے احتساب ریفرنس میں محمد نوازشریف کی بریت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتساب عدالت کا فیصلہ گواہی دے رہا ہے کہ نوازشریف کو سیاسی طورپر نقصان پہنچانے کے لئے جان بوجھ کر جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا ، ثابت ہوگیا کہ نوازشریف کو سیاسی نقصان پہنچانے کے لئے نیب نیازی گٹھ جوڑکے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاگیا ۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ محمد نوازشریف کو انصاف ملا ہے ، احتساب عدالت کا فیصلہ گواہی دے رہا ہے کہ نوازشریف کو سیاسی طورپر نقصان پہنچانے کے لئے جان بوجھ کر جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے تسلیم کیا ہے کہ نوازشریف لاہور ہائی کورٹ اورحکومت کی اجازت سے بیرون ملک گئے، عدالت نے یہ بھی تسلیم کیا کہ نوازشریف ملک میں ہوتے تو تفتیش کا حصہ بنتے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ ثبوت ہے کہ جان بوجھ کر اس وقت کی انتقامی حکومت نے نوازشریف کو مفرور قرار دلوایا ، ثابت ہوگیا کہ نوازشریف کو سیاسی نقصان پہنچانے کے لئے نیب نیازی گٹھ جوڑکے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف کو مبارک دیتا ہوں کہ اللہ تعالی نے جھوٹ پر مبنی ایک اور مقدمے میں انہیں سرخرو کیا ، امید ہے کہ محمد نوازشریف کے ساتھ سیاسی مقاصد کی خاطر جو ظلم اور زیادتی کی گئی ِ، اس میں انہیں مکمل انصاف ملے گا۔















