لاہور( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف کو سسلین مافیا کہنے والے آہستہ آہستہ بے نقاب ہو رہے ہیں،سازش کے تحت مسلم لیگ ن کی حکومت کو ختم کرکے لاڈلے اور نااہل کواقتدار میں لایا گیا ، چیئر مین پی ٹی آ ئی کو اقتدار میں لاکر پاکستان نے بھاری قیمت ادا کی، علمی تحریک کیلئے موجودہ عوامی حکومت انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے مرکزی کیمپس ٹاون شپ لاہور میں نئے تعمیر ہونے والے اکیڈمک بلاک، سٹوڈنٹس سروس سنٹر، سٹوڈنٹس ہاسٹل، ہیلتھ اینڈ ڈے کیئر سنٹر اور بیچلر فیکلٹی ہاسٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا ، جامعہ کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد، سینڈیکیٹ ممبرز،اساتذہ، سٹاف ، طلبا و طالبات اور معروف علمی و سماجی شخصیات کثیر تعداد میں موجود تھی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ علم ہی وہ خزانہ ہے جس کے حصول کا نتیجہ سماجی، اخلاقی اور معاشی ترقی کی صورت میں رونما ہوتا ہے، لہذا ہم نے علم کی معراج حاصل کرنی ہے کیونکہ جس قوم میں علم کی جستجو نہیں ہوتی وہ ہمیشہ غلامی میں رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں علمی تحریک کی ضرورت ہے، جس کیلئے موجودہ عوامی حکومت انقلابی اقدامات کر رہی ہے، ہم نے ویژن 2025 کے تحت ملک بھر میں یونیورسٹیوں کانیٹ ورک قائم کیا اور اسی وژن کے تحت جدید ضروریات بشمول آرٹیفیشل انٹیلی جنس، جینیٹکس، ڈیجیٹل انقلابی اصلاحات اور ٹیکنالوجی کے منصوبوں کیلئے مراکز قائم کئے گئے۔















