اسلام آباد( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اپنے لوگوں نے پاناما سازش کو بے نقاب کیا، سازشی کرداروں نے ایک نالائق کو مسلط کر کے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا، ملک کے مسائل کا حل صرف نواز شریف کے پاس ہے، انہیں پاکستان کے عوام نے ووٹ دے کر تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا، نواز شریف دور میں معیشت مستحکم ہوئی، عوام کو سی پیک کا تحفہ دیا، ملک کی بڑی خدمت کرنے والے کے ساتھ بڑی زیادتی ہوئیں، جو شکلیں اور کردار آج ملک جلا رہے ہیں، یہ14-2013میں سی پیک منصوبہ روکنے کے لئے کنٹینر پر کھڑے تھے۔ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج 5 جولائی کا دن ہے اور آج کے دن ایک آمر نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر شب خون مار کر جمہوریت کا قتل کیا تھا، آج کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی برسی کا بھی دن ہے اور آج سی پیک کے دس سال بھی مکمل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کی قیادت کا خطے اور پاکستان کے عوام کے لئے تحفہ ہے، یہ منصوبہ قائد محمد نواز شریف اور صدر شی جن پنگ کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے نے پاکستان کو 2013ءسے 2018ءتک ہر شعبے میں ترقی دی لیکن پچھلے چار سالوں میں ایک سازشی، نااہل، نالائق اور چور نے ملک کو صرف تباہی کی طرف دھکیلا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اتحادی حکومت کے ساتھ مل کر پچھلے ایک سال کے دوران ملک کی معاشی تباہی، بدحالی، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ختم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر نے ایک نااہل، نالائق اور چور کو ملک پر مسلط کیا، یہ کہانی صرف چار سال کی نہیں، اس کی شروعات 2013ءمیں ہو چکی تھی۔ 2013ءمیں بھی ملک کے اندر مہنگائی، دہشت گردی، بے روزگاری تھی، ملک ڈیفالٹ کی نہج پر تھا اور لوگوں نے سمجھ لیا تھا کہ ملک کی مشکلات کا حل صرف نواز شریف کے پاس ہے، عوام نے نواز شریف کو ووٹ دے کر تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا، اس وقت پاکستان ایک مشکل دوراہے سے گذر رہا تھا، نواز شریف نے ملک میں سیاسی استحکام کی بنیاد رکھی، صوبوں میں اکثریت رکھنے والی جماعتوں کو وہاں حکومتیں بنانے کا موقع دیا، نواز شریف نے تین سالوں میں ملک کی خراب صورتحال بدلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جو کردار آج ملک جلا رہے ہیں اور معاشی تباہی پیدا کر رہے ہیں، یہی کردار14-2013میں سی پیک منصوبہ روکنے کے لئے کنٹینر پر تھے۔ 2013ءمیں پی ٹی آئی ملکی استحکام کے خلاف سازش میں مصروف تھی، سی پیک کا منصوبہ شروع ہوتے ہی سازشی عناصر متحرک ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کی خبر آئی تو ایک شخص ملک کی ترقی کے خلاف کنٹینر پر کھڑا تھا، اس شخص نے سول نافرمانی کی تحریک کی کال دی، سی پیک منصوبے کے تحت توانائی کے منصوبے لگنے تھے، روزگار پیدا ہونا تھا، اور یہ شخص اس منصوبے کے خلاف کھڑا تھا۔















