اسلام آباد( اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم اور بارش کے حوالے سے تازہ پیش گوئی جاری کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بارش، بوندا باندی اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ دیگر مقامات پر گرم اور مرطوب موسم کا امکان ہے۔
لاہور میں صبح سویرے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بعض علاقوں میں ہلکی اور بعض میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سیلسیس جبکہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ سورج اور بادلوں کا باہمی تعامل جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی میں موسم ابر آلود اور مرطوب ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔ وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے جس سے موسم نسبتاً بہتر ہونے کی توقع ہے۔
کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ شہر میں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغرب سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم صبح اور شام کے اوقات میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:کرنسی مارکیٹ سے بڑی خبر، ایرانی ریال کی تازہ ترین شرح جاری















