اسلام آباد (اے بی این نیوز)پاکستان اور سعودی عرب نے’ برمی پناہ گزین مسلمانوں‘ کے پاسپورٹس کی تجدید کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔پاکستان کی جانب سے 2012 کے بعد سے سعودی عرب میں مقیم پناہ گزین برمی مسلمانوں کے پاسپورٹس کی تجدید نہیں گئی۔ انہیں نئے پاسپورٹ جاری کیے گئے نہ ہی ان کی تاریخوں میں کوئی توسیع کی گئی، جس سے انہیں سعودی میں قیام کے لیے مشکلات پیش آ رہی ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے خیر سگالی کے جذبے کے طور پر تقریباً 250,000 برمی مسلمانوں کو پاسپورٹ جاری کیے تھے لیکن 2012 کے بعد ان پاسپورٹس کی تجدید نہیں کی گئی جس سے سعودی عرب میں ان برمی پناہ گزین مسلمانوں کے لیے مشکلات پیدا ہوئیں۔’برمی مسلمانوں‘ کے پاسپورٹ میں تجدید اور نئے پاسپورٹوں کے اجرا کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے اس معاہدے پر پاکستان کے دورے پر آئے سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد اور پاکستانی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دستخط کیے۔معاہدے کے مطابق سعودی عرب اور وزارت داخلہ کے نمائندوں پر مشتمل ایک دو طرفہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ’برمی مسلمانوں‘ کو دستاویزات کے جلد اجرا پر کام کرے گی۔اس معاہدے کے تحت پاکستان کی طرف سے برمی مسلمانوں اور ان کے بچوں کو جاری ہونے والے پاسپورٹ کے بعد سعودی عرب میں رہنے کے لیے قانونی حیثیت حاصل ہو جائے گی۔















