اہم خبریں

پی آئی اے کی پرواز میں ہنگامہ آرائی، دبئی سے بڑی خبر سامنے آگئی

پی آئی اے کی پرواز میں ہنگامہ آرائی، دبئی سے بڑی خبر سامنے آگئی

دبئی (اے بی این نیوز) قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی دبئی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 212 آپریشنل تاخیر اور سیکیورٹی کی صورتحال کے باعث ناخوشگوار واقعے کے بعد ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگئی، جس کے باعث متعدد مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر دبئی ایئرپورٹ حکام نے پروازوں کی روانگی کے درمیان 10 منٹ کا وقفہ مقرر کیا جس کے باعث پرواز پی کے 212 تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔

انتظار کے دوران مسافروں کو جہاز کے اندر کھانا فراہم کیا گیا تاہم تاخیر بڑھنے پر کچھ مسافروں نے احتجاج کیا اور بدنظمی پیدا کی۔ رپورٹ کے مطابق کچھ لوگوں نے کاک پٹ کی طرف جانے کی کوشش کی تاہم پرواز کے عملے نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے انہیں روک دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کے دوران مشتعل مسافر نے طیارے کی ایک کھڑکی کو بھی نقصان پہنچایا جس کے بعد دبئی ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کو طلب کرلیا گیا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے طیارے کا دروازہ کھول کر ہنگامہ آرائی میں ملوث متعدد مسافروں کو حراست میں لے لیا جب کہ صورتحال قابو میں آنے کے بعد پرواز منسوخ کردی گئی۔

ترجمان کے مطابق طیارے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر مسافروں اور عملے کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔ پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرواز پی کے 212 اب دبئی سے اسلام آباد کے لیے رات 11 بجکر 15 منٹ پر روانہ ہوگی۔
مزید پڑھیں‌:ایل این جی بھی مہنگی،عوام کے لیے اہم خبر

متعلقہ خبریں