کراچی ( اے بی این نیوز)عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی دیکھنے میں آئے، جہاں فی تولہ اور 10 گرام سونے کے نرخ میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 700 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 26 ہزار 736 روپےمقرر ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 3 ہزار 202 روپے سستا ہونے کے بعد 3 لاکھ 65 ہزار 857 روپے کا ہو گیا۔
دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 37 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 43 ڈالر پر آ گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں کمی، امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کے بدلتے رجحانات کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ نیچے آئے ہیں۔
صرافہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد زیورات خریدنے کے خواہشمند افراد کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے، تاہم عالمی مارکیٹ میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث سونے کی قیمتوں میں مزید تبدیلی کا امکان بھی موجود ہے۔
مزید پڑھیں :پی آئی اے کی پرواز میں ہنگامہ آرائی، دبئی سے بڑی خبر سامنے آگئی















