اسلام آباد(اے بی این نیوز )جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان نے پیٹرول کی قیمت میں دس روپے اضافے کو عوام پر بدترین ظلم ، ناقابل برداشت بوجھ اور معاشی دہشت گردی قراردیتے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ججز جرنیلوں سمیت ساری اشرافیہ کی مراعات ختم کی جائیں ، ایک ماہ میں کھربوں روپے کی بچت ہو جائے گی، یہی خود انحصاری کا راستہ ہے اور یہی آئی ایم ایف سے نجات کا راستہ ہے ۔اس امر کا اظہار انھوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کیا ہے ۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ پی ڈی ایم حکومت کے پاس اشیاء خورد و نوش ، گیس ، بجلی ، پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ کے علاوہ کوئی منصوبہ نہیں ۔ پیٹرول کی قیمت میں دس روپے لیٹر اضافہ بدترین ظلم ، ناقابل برداشت بوجھ ، معاشی دہشت گردی ہے ، حکومت عوام کو کچل رہی ہے اور ان سے جینے کا حق چھین رہی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں ۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ اشرافیہ کی مراعات ختم کریں ، ججز ، بیورو کریسی ، وزیروں ، مشیروں اور آرمڈ فورسز کی سرکاری گاڑیاں ختم کی جائیں اور اپنی ذاتی گاڑیوں ، ذاتی پٹرول پر دفتر آمد و رفت شروع کریں ۔ کسی کو بھی ایک لیٹر پٹرول ، ڈیزل ، ایک یونٹ بجلی ، گیس ، ٹیلی فون مفت استعمال کرنے کی اجازت نہ ہو ۔ اسی طرح ساری اشرافیہ گھر کے گیس ، بجلی ، ٹیلی فون کے بلوں کی ادائیگی اپنی تنخواہوں سے ادا کرے ۔















