لاہور (اے بی این نیوز)پاکستان ریلویز نے طویل عرصے سے بند دو مسافر ٹرینیں دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں ٹرینیں کورونا وائرس وبا کے دوران بند کر دی گئی تھیں اور اب آئندہ دو ہفتوں میں دوبارہ چلائی جائیں گی۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے مسافروں کے مطالبے اور پاکستان ریلویز کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بابو مسافر ٹرین اور ساندل ایکسپریس کی بحالی کی منظوری دے دی۔
ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق لاہور سے لالہ موسیٰ کے درمیان چلنے والی بابو مسافر ٹرین کو 20 اگست سے دوبارہ بحال کیا جائے گا، جبکہ ملتان سے جھنگ اور سرگودھا کے درمیان چلنے والی ساندل ایکسپریس21 اگست سے دوبارہ اپنی سروس شروع کرے گی۔
پاکستان ریلویز کا کہنا ہے کہ یہ دونوں ٹرینیں کورونا وائرس کے دوران آپریشنل پابندیوں کے باعث بند کی گئی تھیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ رواں سال مزید بند ٹرینیں بھی مرحلہ وار بحال کی جائیں گی تاکہ عوام کو بہتر اور آسان سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان ریلویز کی خدمات میں بہتری اور مسافروں کی سہولت کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں:کیش لیس پاسپورٹ فیس کا نظام مزید آسان،شہریوں کے لیے بڑی سہولت















