اسلام آباد (اے بی این نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئرن اینڈ اسٹیل سیکٹر کے 100 مینوفیکچررز، میلٹرز، ری رولرز اور کمپوزٹ یونٹس پر بجلی کی کھپت پر 5 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس عائد کر دیا ہے جس کے باعث سٹیل کی مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔
ایف بی آر نے سٹیل انڈسٹری کے لیے نیا سیلز ٹیکس جنرل آرڈر جاری کر دیا، سٹیل انڈسٹری میں منتخب کمپنیوں پر بجلی کے ہر یونٹ پر 5 روپے سیلز ٹیکس عائد کر دیا گیا، متعلقہ ڈسکس بجلی کے بلوں میں 5 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس وصول کرے گی۔
نیا ٹیکس میلٹرز، ری رولرز اور کمپوزٹ یونٹس پر لاگو ہوگا، ٹیکس ان کمپنیوں پر لگایا گیا ہے جو اسکریپ کی درآمد کے لیے مخصوص شرائط پر پورا اترتی ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسٹیل سیکٹر میں ٹیکس کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے، حکم نامہ 4 اگست 2026 کے نوٹیفکیشن کے تحت نافذ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:ایرانی ریال خریدنے والوں کے لیے اہم خبر، تازہ ترین شرح جاری















