اہم خبریں

انتخابی قوانین میں بڑی تبدیلی، الیکشن کمیشن کا اہم اقدام

انتخابی قوانین میں بڑی تبدیلی، الیکشن کمیشن کا اہم اقدام

اسلام آباد (اے بی این نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن رولز 2017 کی اہم شق میں ترمیم کا فیصلہ کرتے ہوئے مجوزہ ترامیم کا مسودہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ارکان اسمبلی کے اثاثوں اور واجبات کے گوشواروں کی جانچ کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

جاری کردہ مسودے کے مطابق اگر اثاثوں اور واجبات کے گوشواروں میں کسی قسم کا ابہام یا تضاد پایا گیا تو الیکشن کمیشن متعلقہ رکن سے وضاحت طلب کر سکے گا۔

مجوزہ ترامیم کے تحت الیکشن کمیشن کو ارکان اسمبلی، متعلقہ افراد، اداروں اور مالیاتی اداروں سے بھی مطلوبہ معلومات اور وضاحت طلب کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، جبکہ مالیاتی ادارے الیکشن کمیشن کی جانب سے طلب کی گئی معلومات فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔

ترمیمی مسودے میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن وضاحت جمع کرانے کے لیے باقاعدہ مدت مقرر کرے گا، جس کے اندر متعلقہ فریق کو جواب جمع کرانا ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے اس اقدام کو انتخابی شفافیت اور اثاثوں کی جانچ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں‌:لکی مروت سے افسوسناک خبر، جانی نقصان کی اطلاعات

متعلقہ خبریں