اسلام آباد(نیوز ڈیسک) عدت میں نکاح کرنے کا الزام ،عمران خان کیخلاف دائر درخواست کی سماعت 28 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عدت کے دوران نکاح کے الزام پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف کارروائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق آج سینئر سول جج نصر من اللہ بلوچ کی عدالت میں اسلام آباد کے شہری محمد حنیف کی شکایت پر سماعت کے دوران وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گواہ مفتی سعید بیان ریکارڈ کرانے کیلئے ساڑھے 10 بجے آئیں گے، جس پر عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی کے ساتھ عدت میں نکاح کیا، عدت میں نکاح گناہ ہے ،لہٰذا عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔بعد ازاں سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو گواہ مفتی سعید کے عمرہ کی غرض سے ملک میں نہ ہونے کی وجہ سے بیان ریکارڈ نہیں ہو سکا۔ عدالت نے سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی۔















