لاہور (اے بی این نیوز) سرکاری نرخنامے کو نظر انداز کرتے ہوئے لاہور میں برائلر مرغی کا گوشت سمیت دیگر اشیائے خورونوش مہنگے داموں فروخت ہونے لگی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں برائلر مرغی کے گوشت کا سرکاری نرخ 454 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون مارکیٹ میں یہی گوشت 470 سے 475 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
مارکیٹ میں مٹن بھی سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر دستیاب ہے۔ مٹن کا سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود اسے 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح بیف کا سرکاری نرخ 800 روپے فی کلو ہے، تاہم مارکیٹ میں صارفین سے 1000 سے 1200 روپے فی کلو وصول کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت بھی سرکاری نرخ سے زیادہ وصول کی جا رہی ہے۔ فارمی انڈوں کا سرکاری نرخ 268 روپے فی درجن مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں یہ 275 سے 278 روپے فی درجن فروخت ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث مرغی کا گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخنامے پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مقررہ قیمت سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
مزید پڑھیں:بادل برسنے کو تیار، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی















