لاہور (اے بی این نیوز) بے لگام ایل پی جی مافیا نے سرکاری نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے من مانی قیمتوں پر ایل پی جی کی فروخت شروع کر دی، جس کے باعث صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی مارکیٹ میں ایل پی جی 380 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے شہریوں پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑ گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی سوئی گیس کے بل ادا کر رہے ہیں، تاہم گیس کی قلت یا عدم دستیابی کے باعث انہیں مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے پر بھی مجبور ہونا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے اور کم آمدن والے خاندانوں کے لیے مہنگے داموں گیس خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے ایل پی جی کی مارکیٹ میں قیمتوں کی نگرانی مؤثر بنائیں اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے من مانی قیمتوں پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
مزید پڑھیں:ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی مزید بڑھا دی گئی،عوام کے لیے اہم خبر















