اہم خبریں

بھارتی وزیراعلیٰ جوزف وجے کی اہلیہ سے طلاق کا معاملہ سامنے آگیا

بھارتی وزیراعلیٰ جوزف وجے کی اہلیہ سے طلاق کا معاملہ سامنے آگیا

چنئی (اے بی این نیوز) بھارتی اداکار اور تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ جوزف وجے کی اہلیہ سنگیتا سورنالنگم نے شوہر سے علیحدگی کے لیے دائر کیا گیا طلاق کا مقدمہ واپس لے لیا، جس کے بعد عدالت نے کیس نمٹا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طلاق کیس کی سماعت کے دوران سنگیتا سورنالنگم ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئیں اور مؤقف اختیار کیا کہ وہ مزید مقدمے کی پیروی نہیں کرنا چاہتیں کیونکہ وہ جوزف وجے سے علیحدگی نہیں چاہتیں۔

سنگیتا کے بیان کے بعد عدالت نے انہیں طلاق کی درخواست واپس لینے کی اجازت دے دی، جس کے نتیجے میں موجودہ مقدمہ ختم ہوگیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب 27 فروری 2026 کو جوزف وجے اور سنگیتا کے درمیان علیحدگی کی خبریں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تھیں۔ بعد ازاں سنگیتا نے فیملی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے طلاق کی درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں سنگیتا نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں اپریل 2021 میں وجے اور ایک خاتون اداکارہ کے مبینہ تعلقات کا علم ہوا۔ ان کے مطابق یقین دہانیوں کے باوجود یہ تعلق ختم نہیں ہوا اور وقت گزرنے کے ساتھ وجے نے انہیں اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے دور کرنا شروع کردیا۔

سنگیتا نے دعویٰ کیا تھا کہ وجے بیرونِ ملک دوروں اور مختلف تقریبات کے دوران مذکورہ اداکارہ کے ساتھ نظر آتے رہے، جبکہ ان کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر سامنے آتی رہیں۔

درخواست کے مطابق وجے نے نہ ان تصاویر کی تردید کی اور نہ ہی ان پر کوئی اعتراض کیا۔ سنگیتا نے مزید مؤقف اختیار کیا تھا کہ وجے کے رویے اور 2024 میں ان سے متعلق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے تنازعات نے انہیں شدید ذہنی صدمے سے دوچار کیا۔

تاہم اب سنگیتا کی جانب سے طلاق کا مقدمہ واپس لیے جانے کے بعد معاملے نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔ عدالت نے موجودہ مقدمہ ختم کردیا ہے، تاہم قانونی طور پر مستقبل میں سنگیتا دوبارہ طلاق کی درخواست دائر کرسکتی ہیں۔
مزید پڑحیں‌:آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری کا فیصلہ کابینہ کمیٹی کے سپرد

متعلقہ خبریں