لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی سماعت 12 اپریل کو ہو گی۔تفصیلات کے مطابق درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن عمران خان کو این اے 95 میانوالی سے نااہل قرار دے چکا ہے ،نااہلی کے بعد کوئی پارٹی ہیڈ نہیں رہ سکتا۔ اس لیے عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے ۔جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بنچ 12 اپریل کو سماعت کرے گا، درخواست میں عمران خان اور چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن عمران خان کو این اے 95 میانوالی سے نااہل قرار دے چکا، الیکشن کمیشن نے 7 دسمبر 2022 کو قانونی کارروائی کا آغاز کیا اور 21 اکتوبر 2022 کو عمران خان کو نااہل قرار دیا،اس سے قبل نواز شریف کو بھی عدالت نااہل کر چکی ہے، نااہلی کے بعد نواز شریف پارٹی صدر نہیں رہے، نااہلی کے بعد کوئی پارٹی ہیڈ نہیں رہ سکتا، الیکشن کمیشن سے رجوع کیا مگر درخواست پر کارروائی نہیں کی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عمران خان کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔















