کراچی ( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سینیٹر فیصل سبزواری نے موجودہ مردم شماری پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے یہ تحریری معاہدہ کیا کہ ہماری مردم شماری کو درست کریں۔ انہوں نے نہیں مانا تو ہم نے 2019 میں ان کی کابینہ چھوڑ دی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ہم درست گنے نہیں جائیں تو ہمیں درست ٹیکس کا حصہ بھی نہیں ملے گا۔ پاکستان میں آبادی کے تناسب سے وفاق صوبوں کو ٹیکس دیتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں وفاقی وزیر ہوتے ہوئے کہہ رہا ہوں کہ موجودہ مردم شماری پر شدید تحفظات ہیں۔ کراچی کے علاقے لانڈھی میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ 2017 میں ہمیں مردم شماری میں محض ایک کروڑ 60 لاکھ گنا گیا۔ جبکہ اس مردم شماری میں لاہور کی تعداد 1 کروڑ 25 لاکھ کی گنی گئی۔















